22 جولائی 2018 - 16:08
انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے صدردفترپر انجمن کے اراکین وعمائدین کا اہم اجلاس

آغا صاحب نے اتحاد بین المسلمین کو زک پہنچانے کے لئے اسلام دشمن قوتوں کی نت نئی سازشیں کا تذکرہ کرتے ہوئے کسی بھی ایسے عمل سے اجتناب کرنے کی اپیل کی جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کے شیرازہ کو کوئی خطرہ لاحق ہو۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان جموں وکشمیر کے صدردفترپرانجمن کے اراکین اورعمائدین کا ایک اہم اجلاس صدرانجمن وسینئر حریت راہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف قومی اور تنظیمی معاملات پرغوروخوض کیا گیا ، مقررین نے انجمن شرعی کے منشور کو نصب العین قراردیتے ہوئے اس کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا اوراس سلسلہ میں صدرانجمن شرعی شیعیان کی قیادت اور زعامت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور موصوف کو اپنے ہرممکن تعاون کا مکمل یقین دلایا ، صدرانجمن شرعی شیعیان وسینئرحریت راہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اجلاس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انجمن کومزید فعال بنانے اور اس کی سرگرمیوں کے دائرہ میں وسعت لانے پر زور دیا ، موصوف نے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں امت مسلمہ کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پرزور دیا اور اتحاد بین المسلمین کو مزید مضبوط بنانے کے لئے عملی اقدامات کی تاکید کی۔

آغا صاحب نے اتحاد بین المسلمین کو زک پہنچانے کے لئے اسلام دشمن قوتوں کی نت نئی سازشیں کا تذکرہ کرتے ہوئے کسی بھی ایسے عمل سے اجتناب کرنے کی اپیل کی جس سے امت مسلمہ کے اتحاد کے شیرازہ کو کوئی خطرہ لاحق ہو ، موصوف نے اپنی تقریر میں حکومت کی جانب سے بعض اسلامی ٹی وی چینلز پر بلاجواز پابندی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو موجودہ حکومت کی بوکھلاہٹ کی کھلی مثال قرار دیا اور اس بات پر زور دیاکہ اسلام امن وبھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے اور یہ ٹی وی چینلز اسلامی تعلیمات کی نشرواشاعت کا کام کرہے تھے ، حکومت کا یہ اقدام اس کی اسلام دشمن پالیسی کا حصہ ہے۔

  آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطبہ صدارت میں حکومتِ ہند سے ان چینلوں پر عائد پابندی کو فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کیا۔سینئر حریت رہنما نے کاروان اسلامی کی جانب سے منعقد ہونے والی اسلامی کانفرنس پر حکومتی قدغن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مداخلت فی الدین قراردیا ، اجلاس میں صدرانجمن کے علاوہ جن مقررین نے اظہارِ خیال کیا ان میں سے بعض کے اسمائے گرامی یہ ہیں جناب محمد شفیع میر ماگام ، مشتاق احمد بابا ، غلام احمد ماگرے ، نثار حسین عالمگیر ، محمد قاسم بابا ، حاجی عبدالرحیم ، محمد اکبر بابا ، علی محمد ڈار ، سید فداحسین ، عابد حسین میر اور محمد حسین ، اس اجلاس کی نظامت کے فرائض جناب غلام محمد ناگو نے انجام دئیے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲